احمد شہزاد کی ففٹی کے ساتھ کرکٹ میں واپسی

لاہور: کشمیر پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں راولا کوٹ کے اوپنرز 125رنز کی شراکت قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے جب کہ احمد شہزاد کی ففٹی کے ساتھ کرکٹ میں واپسی ہو گئی۔
مظفر آباد میں رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ شروع ہونے والے کشمیر پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں میر پور رائلز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،راولاکوٹ ہاکس کے اوپنرز نے حریف ٹیم کو وکٹ کیلیے ترساتے ہوئے 125رنز کی شراکت قائم کردی۔
بسم اللہ خان نے 4چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 42گیندوں پر 59رنز بنائے، انھیں عماد بٹ نے بولڈ کرکے اپنی ٹیم کو پہلی وکٹ دلائی،پیسر نے عمرامین کا 4رنز پر شکار کرنے کیلیے ثمین گل کی معاونت لی۔
فٹنس مسائل کے بعد کرکٹ میں واپس آنے والے احمد شہزاد 4چھکوں اور7چوکوں سے مزین 69رنز بناکر خوشدل شاہ کی گیند پر محمد طلحٰہ کو کیچ دے بیٹھے،انھوں نے اس دوران42گیندوں کا سامنا کیا،دانش عزیز صرف 2رنز بناکر عماد بٹ کی تیسری وکٹ بن گئے، انھوں نے وکٹ کیپر محمد اخلاق کو کیچ دیا۔
زبردست تالیوں کی گونج میں میدان کا رخ کرنے والے شاہد آفریدی نے2 چھکوں سمیت 16رنز بنائے تھے کہ سلمان ارشاد نے بیلز فضا میں بکھیر دیں،سلمان ارشاد نے آصف آفریدی کو بولڈ کیا، حسین طلعت 18اور کاشف علی ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
راولا کوٹ ہاکس نے 6وکٹ پر 194کا مجموعہ حاصل کیا، عماد بٹ نے 20رنز دے کر 3شکار کیے،سلمان ارشاد 2وکٹیں لے اڑے، ثمین گل48اور محمد عرفان 40رنز دے کر وکٹ سے محروم رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں